بھٹکل:28؍اگست(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے وینکٹاپور گرام کے ہرلی سال علاقے میں جنگلی سور وں کی طرف سے زرعی زمینات کو نقصان پہنچائے جانےکے متعلق علاقے کے عوام نے معاوضہ کی مانگ لے کر فاریسٹ آفیسر کو میمورنڈم سونپا ہے۔
میمورنڈم میں کسانوں نے دکھڑا سناتےہوئے تحریر کیا ہےکہ ہر سال ہماری زندگی کے گزارے کے لئے یہی دھان کی فصل سہارا ہوتی ہے،سال میں صرف ایک فصل لیتے ہیں، امسال بھی ہم نے بہتر فصل کے انتظار میں تھے کہ جنگلی سوروں نے ہمیں مشکلات میں ڈال دیاہے۔ ہمارے کھیتوں میں کھڑی دھان کی فصل پوری طرح برباد ہونے سے ہمارا گزارا مشکل ہوگیا ہے۔ اس لئے فاریسٹ افسران متعلقہ زرعی زمینات کا معائنہ کریں اور حکومت کی طرف سے معاوضہ کا انتظام کرنے کامطالبہ کیاہے۔ میمورنڈم قبول کرنےکے بعد آر ایف اؤ شنکر گوڈا نے کہاکہ کھیتوں کے اطراف میں باڑ نہیں لگائی گئی ہے، بلکہ وہ چٹیل میدان کی طرح ہونے سے مسائل پیدا ہورہےہیں۔ ہمارے اختیارات کے مطابق جتنا ممکن ہو اتنا تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر شری دھر نائک، مادیونائک، چندروگونڈ، سومیا گونڈ، رمیش نائک، دیاوپا نائک وغیرہ موجود تھے۔